ویٹی کن کے مطابق پوپ فرانسس کی آخری رسومات سینٹ پیٹرز اسکوائر میں ادا کی گئیں جس کے بعد روم میں ان کے پسندیدہ چرچ سانتا ماریا ماجورے باسیلیکا میں ان کی تدفین کر دی گئی ہے۔آخری رسومات میں 50 سے زائد سربراہان مملکت و ریاست موجود تھے جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں، برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر بھی شامل تھے۔پوپ کو الوداع کہنے کے لیے تقریباﹰ چار لاکھ افراد سینٹ پیٹرز اسکوائر پر جمع تھے اور روم کی سڑکوں پر قطاروں میں کھڑے تھے۔ہجوم کے سامنے آخری رسومات ادا کرنے کے بعد پوپ فرانسس کا لکڑی کا تابوت آہستہ آہستہ روم کے سانتا ماریا میگیور گرجا گھر لے جایا گیا جہاں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ کیتھولک چرچ کے پہلے لاطینی امریکی رہنما کا سنگ مرمر کا مقبرہ صرف ایک لفظ فرانسسکو کے ساتھ لکھا گیا ہے جو کہ لاطینی زبان میں پوپ کا نام ہے۔واضح رہے 88 سالہ پوپ فرانسس 21 اپریل کو اسٹروک اور دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے۔
