امریکی محکمہ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ قطر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا لگژری بوئنگ 747 طیارہ صدر ٹرمپ کے نئے ائیر فورس ون کے طور پر استعمال کے لیے قبول کر لیا گیا ہے۔غیر ملکی خبررساں اداروں کے مطابق، محکمہ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ امریکی ایئر فورس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس طیارے کو جتنی جلدی ہو سکے ائیر فورس ون کے طور پر استعمال کے قابل بنائے۔پینٹاگون کے مطابق امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے 400 ملین ڈالر کی مالیت کا یہ طیارہ باضابطہ طور پر وصول کیا ہے، جو اب صدر کے سرکاری طیارے کے طور پر خدمات انجام دے گا۔پینٹاگون کے ترجمان شان پرنیل نے کہا کہ محکمہ دفاع طیارے میں سکیورٹی اور مشن سے متعلق ضروری تکنیکی تقاضوں کو یقینی بنانے کے لیے کام کرے گا۔ جس میں سیکیورٹی اپ گریڈز، حساس مواصلاتی نظام اور میزائل حملوں سے بچاؤ کی صلاحیت جیسے عوامل شامل کرنا ہوں گے جن پر بھاری لاگت آ سکتی ہے۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ بوئنگ کمپنی کو 2018 میں امریکی حکومت کی جانب سے دو نئے ائیر فورس ون طیارے تیار کرنے کا 3.9 ارب ڈالر کا آرڈر ملا تھا لیکن اس منصوبے میں شدید تاخیر ہوئی ہے اور طیاروں کی لاگت 5 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
