لاہور کی سیشن کورٹ میں مشہور یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کردی گئی۔معروف یوٹیوبر و ٹک ٹاکر رجب بٹ کے خلاف توہینِ مذہب کے الزامات عائد کرتے ہوئے شہری شہزادہ عدنان نے اپنے وکیل مدثر چوہدری کی وساطت سے سیشن کورٹ لاہور میں درخواست دائر کی ہے جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر ویڈیو میں مذہبی معاملے پر نامناسب الفاظ استعمال کیے ہیں۔درخواست میں بتایا گیا کہ رجب بٹ کے خلاف این سی سی آئی اے سے رجوع کیا تاہم مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ عدالت این سی سی آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔ واضح رہے رواں برس مارچ میں یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہین مذہب اور سائبر کرائم قوانین کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ رجب بٹ نے اپنے پرفیوم برانڈ کے لانچنگ کے وقت مذہبی جذبات کو مجروح کیا اور مبینہ طور پر پاکستان کے توہین مذہب کے قانون کا مذاق اڑایا۔اس نئی متنازع ویڈیو کے بعد رجب بٹ نے سوشل میڈیا پر جہاز میں سفر کے دوران ایک اسٹوری پوسٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ اگر مشہور ہونا ہے تو پاکستان سے باہر جاکر ہونا۔عدالت نے این سی سی آئی اے کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر لیا ہے۔
