پی ٹی آئی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہےکہ وہ 5 اگست کے احتجاج میں لوگوں کی عدم شرکت پر پارٹی میں اور عمران خان سے بات کریں گے تاہم کل کا احتجاج آخری احتجاج نہیں تھا یہ عمل جاری رہے گا۔ پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کال ہو کوئی ایم این اے بغیر معقول وجہ کیسے دور رہ سکتا ہے احتجاج میں شامل نہ ہونے کی اگر کوئی معقول وجہ نہیں تو اس کا جواب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ کل کے احتجاج بارے میں نے کہا تھا یہ صوبائی اور مقامی سطح کا ہوگا میں سمجھتا ہوں کل کا دن بڑی حد تک کامیاب رہا صوبائی و مقامی قیادت کو بتایا گیا تھا وہ خود احتجاج کو ترتیب دے لوگ کیوں نہیں نکلے اس پر عمران خان سے مشاورت کریں گے۔ احتجاج اس سے بہتر ہوسکتا تھا اور آئندہ ہوگا. اس میں مزید بہتری آئے گی کل کا احتجاج آخری احتجاج نہیں تھا یہ عمل جاری رہے گا۔سلمان اکرم نے مزید کہا کہ میں اور محمود اچکزئی کل رات11 بجے تک عمران خان کی بہنوں کےساتھ چکری انٹرچینج پر رہے.دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے پی ٹی آئی کے کل کے احتجاج کو کامیاب قرار دیا ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملک بھر کے 170 اضلاع، تمام تحصیلوں، یونین کونسلز میں بھرپور احتجاج ہوا کل عوام نے ثابت کیا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں۔
