ممکنہ طور پر تخریب کاری کے لیے استعمال کے خدشے کے پیش نظر بلوچستان میں 15یوم کے لیے نائٹروجن سے بنی کھاد کی نقل و حمل پر پابندی عائد کردی گئی .ڈائریکٹوریٹ جنرل زراعت بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق یہ فیصلہ نائٹروجینیس فرٹیلائزرز کے دھماکہ خیز مواد کی تیاری اس میں ممکنہ استعمال اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ پابندی آئندہ احکامات تک نافذ العمل رہے گی۔حکم نامے کے مطابق امن و امان کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے بلوچستان کے تمام اضلاع میں نائٹروجینیس فرٹیلائزرز کی نقل و حمل پر پابندی عائد کر دی ہے۔حکمنامے کے مطابق نائٹروجینیس فرٹیلائزرز جن میں یوریا، کیلشیم امونیم نائٹریٹ، امونیم نائٹریٹ اور پوٹاشیم نائٹریٹ شامل ہیں کی فروخت، خریداری، سپلائی اور تقسیم فوری طور پر بند کر دی گئی ہے۔حکمنامے کے مطابق احکامات تک تمام موجودہ اسٹاک کا مکمل ریکارڈ اور انوینٹری برقرار رکھنا لازم ہوگا۔