کراچی کی عدالت نے دعا بھٹو کی حلیم عادل شیخ سے خلع کی درخواست منظور کرلی۔ عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ فریقین کے درمیان مصالحت کی کوششیں ناکام ہوئیں۔ سول جج نے بچے کے اخراجات کی مد میں حلیم عادل شیخ کو24 ہزار روپے ماہانہ دینےکا حکم بھی دے دیا۔ بچے کے اخراجات سے متعلق کیس کی مزید سماعت 21 ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔
خیال رہے کہ حلیم عادل شیخ نے 2018 میں دعا بھٹو سے دوسری شادی کی تھی، دعا بھٹو نے 2022 میں حلیم عادل سے خلع کی درخواست دائر کی تھی۔
دعا بھٹو کی جانب سے جمع کرائے گئے خلع کے دعوے میں کہا گیا تھا کہ 2018 میں حلیم عادل شیخ سے شادی ہوئی تھی، پانچ لاکھ روپے حق مہر مقرر کیا گیا تھا جو تاحال ادا نہیں کیا گیا۔
خلع کے دعوے میں دعا بھٹو نے کہا کہ 10 ستمبر 2019 کو ہمارا بیٹا کامل حلیم پیدا ہوا، حلیم عادل شیخ کی پہلی شادی کے بارے میں بعد میں معلوم ہوا، حلیم عادل شیخ کی پہلی بیوی اور بچے میری زندگی میں مداخلت کرتے ہیں۔