توشہ خانہ کیس ٹو میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت خارج کردی گئیں
عدالت نے فریقین وکلاء کے تفصیلی دلائل سماعت کے بعد ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کرنے کا حکم سنا دیا ۔
عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آئندہ سماعت 2 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی ۔
عمران خان اور بشری بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت سپیشل جج سنٹرل شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی۔
سماعت کے موقع پر پراسیکوشن نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سعودیہ سے ملنے والا 7 کروڑ مالیت کا قیمتی سیٹ 29 لاکھ میں حاصل کیا
نیب نے فارن آفس کےذریعے سعودیہ سے بلغاری سیٹ کی اصل قیمت حاصل کرلی ہے
اس سیٹ میں نیک لیس، ائیر رنگز، بریسلٹس اور انگوٹھی شامل ہیں،بطور وزیراعظم عمران خان نے قیمتی سیٹ کی مارکیٹ قیمت 58 لاکھ روپے لگوائی
ریاست کو ملنے والے تحفے کو ملزم نے توشہ خانہ میں جمع کرائے بغیر اپنے پاس رکھ لیا
عمران خان نے اپنے آفس سیکرٹری انعام شاہ کے ذریعے بلغاری سیٹ کی قیمت لگوائی
انعام شاہ اور توشہ خانے کے اپریزئر نے اس عمل کی تصدیق کردی ہے
عمران خان اور بشری بی بی کیخلاف کیس ثابت شدہ ہے ضمانت کی درخواست خارج کی جائے۔
وکیل صفائی سلمان صفدر کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نیا توشہ خانہ کیس پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا ہے
پہلے اور اس ریفرنس میں ایک جیسے الزمات ایک جیسے وعدہ معاف گواہ ہیں، دونوں مقدمات میں ملزمان بھی ایک جیسے ہیں
سپریم کورٹ کے نیب ترامیم بحالی فیصلے کے بعد اس کیس کو ختم ہونا چاہئیے
نیب سے اسپیشل جج سنٹرل کو کیس منتقل ہوا لیکن عمران خان اور بشری بی بی کو ضمانت نہیں ملی
عدالت سے درخواست ہے ضمانت منظور کی جائے، عدالت نے دونوں فریقین کے تفصیلی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا
بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کر دی۔