اسلام آباد ہائیکورٹ نے صحافی مطیع اللہ جان کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے کہا کہ مطیع اللہ جان کو اب جوڈیشل ریمانڈ پر تصور کیا جائے۔مطیع اللہ جان کے 2 روزہ جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نےجمعرات کو مطیع اللہ جان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے لیے پولیس کی تحویل میں دیا تھا۔صدر اسلام آباد ہائیکورٹ بار ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے جبکہ مطیع اللہ جان کے وکلا ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ مطیع اللہ جان کی وکیل ایمان مزاری نے کہا کہ آج ہی مطیع اللہ جان کی درخواست ضمانت دائر کی جائے گی۔