امریکی سیکرٹ سروس اہلکاروں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب وائٹ ہاؤس کے قریب ایک مسلح شخص کو گولی مار کر زخمی کردیا۔امریکی سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیمی نے کہا ہے کہ سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے رات گئے وائٹ ہاؤس کے قریب ایک مسلح شخص کو گولی ماردی جو اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق مقامی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ رات اطلاع ملی تھی کہ ریاست انڈیانا سے ایک خودکش شخص واشنگٹن آیا ہے اور اس کی گاڑی وائٹ ہاؤس کے علاقے میں دیکھی گئی ہے۔ ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکرٹ سروس کے ایجنٹوں نے جس وقت مسلح شخص پر فائرنگ کی اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں موجود نہیں تھے بلکہ ڈونلڈ ٹرمپ فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مار لاگو میں تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مسلح شخص کو گولی مارنے کے بعد اسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ آیا مسلح شخص کا ہدف وائٹ ہاؤس تھا یا وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو نشانہ بنانا چاہتا تھا.سیکرٹ سروس کے ترجمان کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان کے مطابق مقامی پولیس نے سیکرٹ سروس کو خودکش رجحان رکھنے والے ایک شخص کے بارے میں اطلاع دی تھی جو ریاست انڈیانا سے واشنگٹن جا رہا تھا آدھی رات کے قریب اہلکاروں نے وائٹ ہاؤس کے بہت قریب اس شخص کی گاڑی کھڑی پائی جس کے بعد قریبی علاقے میں ایک مشتبہ فرد کو شناخت کیا گیا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکرٹ سروس کے ایجنٹ جیسے ہی مسلح شخص قریب پہنچے تو اس نے اپنا اسلحہ نکالا جس پر تصادم ہوا اور اہلکاروں نے مسلح شخص پر گولیاں چلائیں۔ ترجمان کے مطابق اس واقعے میں سیکرٹ سروس کے کسی اہلکار کو نقصان نہیں پہنچا۔مشتبہ شخص کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی موجودہ حالت کے بارے میں معلومات دستیاب نہیں ہیں جبکہ واشنگٹن پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔