سعودی حکومت نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے پولیو ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ لازمی قرار دے دیا ہے۔سعودی عرب جانے والے ہر مسافر کے لیے چاہے وہ عمرہ، اقامہ، زیارت کسی بھی غرض سے جائے، پولیو سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہے۔سعودی عرب کے کسی بھی ایئرپورٹ پر 12 گھنٹے سے کم ٹرانزٹ کرنے والے مسافروں کو ویکسی نیشن کی ضرورت نہیں ہے جب کہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ پر سرکاری یا نجی ہسپتال کی مہر ہونا لازمی ہے۔ پاکستاںی حکام کے مطابق ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر سعودی عرب جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ان ہدایات کا اطلاق ملک بھر کے تمام ایئرپورٹس اور تمام ایئر لائنز سے سفر کرنے والوں پر ہوگا.سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جانب سے پہلے ہی ایک سرکلر جاری کیا جا چکا ہے جس میں تمام ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جن ممالک میں پولیو وائرس پھیل رہا ہے وہاں سے روانگی یا ٹرانزٹ کے بعد سعودی عرب آنے والے مسافروں کی ویکسی نیشن ہو چکی ہو۔