پاکستان کے ترکمانستان میں تعینات سفیر احسن وگن کو امریکا میں داخل ہونے سے روک کر امریکی شہر لاس اینجلس سے ڈی پورٹ کردیا گیا۔سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ احسن وگن کے پاس امریکی ویزا اور تمام قانونی سفری دستاویزات موجود تھیں احسن وگن چھٹیوں پر لاس اینجلس جارہے تھے امریکی امیگریشن حکام نے احسن وگن کو لاس اینجلس ائیرپورٹ پر روکا تھا۔ذرائع کے مطابق امریکی سسٹم میں پاکستانی سفیر پر متنازع ویزا ریفرنسز کا اعتراض موجود تھا ذرائع کا کہنا ہے احسن وگن پرامریکا میں تعیناتی کے دوران مبینہ طور پر انتظامی بدعنوانی کی شکایات سامنے آئی تھیں۔ وزارت خارجہ نے لاس اینجلس میں پاکستانی قونصلیٹ کو معاملے کی جانچ پڑتال کی ہدایت کردی۔ جبکہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کو واقعے کے بارے میں مطلع کردیا گیا ہے۔دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ نے بھی معاملے پر جواب دینے سے گریز کیا۔